بجلی کی طلب کم، پاور سیکٹر نے گیس خریدنے سے ہاتھ اٹھا لیا

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) بجلی کی طلب کم ہونے پر پاور سیکٹر نے گیس خریدنے سے ہاتھ اٹھا لیا۔ ذرائع کے مطابق پٹرولیم ڈویژن پاور سیکٹر کے رویہ پر پریشان ہے جبکہ مختص کوٹہ نہ لینے پر پاور سیکٹر کو خط لکھ دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاور سیکٹر کیلئے 200 ایم ایم سی ایف ڈی گیس مختص ہے، پاور سیکٹر 130 ایم ایم سی ایف ڈی گیس لے رہا ہے، پاور سیکٹر کے کم گیس لینے سے سسٹم کو سلو ڈاؤن کرنا پڑتا ہے، مختص کوٹے کے باعث سی این جی اور کیپٹیو پاور پلانٹس کو کم گیس دی جاتی ہے۔

پاور سیکٹر کے مختص کوٹے کے باعث سسٹم میں مقامی گیس کو کم کیا جاتا ہے، گزشتہ ماہ بجلی کی خریداری میں ساڑھے 9 فیصد کمی آئی ہے۔ دوسری جانب نیپرا حکام کے مطابق گزشتہ ماہ 42 ارب یونٹ کی خریداری کا تخمینہ لگایا گیا تھا، 42 کے بجائے 38 ارب یونٹ خریدے گئے، کم یونٹ خریدنے سے قیمتوں میں اضافہ ہو گا۔