چینی، گندم سمیت اجناس کی سمگلنگ روکنے کیلئے حکومت کا بڑا فیصلہ

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) چینی، گندم اور کھاد سمیت اجناس کی سمگلنگ روکنے کیلئے حکومت نے بڑا فیصلہ کر لیا۔ رینجرز اور ایف سی کو سمگلنگ کی روک تھام کے اختیارات تفویض کردیئے گئے، ایف بی آر نے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔

ایف بی آر کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ایف سی اور رینجرز اہلکار بین الصوبائی مشترکہ چیک پوسٹس پر ضروری اشیاء کی سمگلنگ روکنے کی مجاز ہوں گے۔

نوٹیفکیشن کے تحت ڈیوٹی پر تعینات نیم فوجی اہلکار چیک پوسٹوں پر آٹا، گندم، چینی اور کھاد کی سمگلنگ کو روکیں گے، ایف سی اور رینجرز بین الاقوامی سرحد کے 50 کلو میٹر کے اندر علاقوں کی نگرانی کریں گے، ایف سی اور رینجرز اہلکار بین الصوبائی مشترکہ چیک پوسٹس و مشترکہ چیک پوسٹس پر بھی ڈیوٹی دیں گے۔

ایف بی آر کے نوٹیفکیشن کے مطابق ایف سی اور رینجرز اہلکار شہری علاقوں، کسٹمز ایریاز و سٹیشنز اور پورٹس پر نگرانی کرنے کے مجاز نہیں ہوں گے، نیم فوجی اہلکار بارڈر کسٹمز سٹیشنز، بین الاقوامی ایئرپورٹس اور بانڈڈ ویئرہاوسز پر بھی تعینات نہیں ہوں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ایف سی و رینجرز اہلکار صرف افغان سرحد کے قریبی شہری علاقوں میں کارروائیاں کرنے کے مجاز ہوں گے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان میں سمگلنگ کے خلاف کارروائیاں کرنے کا اختیار صرف پاکستان کسٹمز کے پاس تھا۔