پیرس: (انٹرنیشنل ڈیسک) فرانس کےشمالی علاقے بدترین سیلاب کی لپیٹ میں آگئے، مختلف حادثات میں 7 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
یورپ میں فرانس اور پڑوسی ممالک میں طوفان سیاران نے تباہی مچادی، سیلابی ریلوں اور تیز ہوائیں چلنے سے کم از کم سات افراد ہلاک اور بہت سے دیگر زخمی ہو گئے۔
شدید طوفان کی وجہ سے بہت سے مکانات تباہ ہو گئے ہیں، شاہراہیں پانی میں ڈوب گئیں ،آمدورفت کانظام درہم برہم کئی مقامات سے سڑکیں سیلابی ریلے کی نذرہوگئیں جبکہ متاثرہ علاقوں میں بہت سے مسافر راستوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔
فرانس کے وزیر ٹرانسپورٹ کلیمنٹ بیون کےمطابق شمالی فرانس کے اندرون ملک آئزنے علاقے میں ایک ٹرک ڈرائیور اس وقت ہلاک ہو گیا، جب اس کی گاڑی گرنے والے درخت سے ٹکرا گئی۔
انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ سڑکوں سے دور رہیں اور طوفان میں گاڑی نہ چلائیں، متعدد شہروں میں ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ،متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔