غزہ جنگ سے اسرائیل کو 50 ارب ڈالرز سے زائد نقصان ہونے کا امکان

غزہ (این این آئی)غزہ جنگ سے اسرائیل کو 50 ارب ڈالرز سے زائد نقصان ہونے کا امکان ہے ۔یہ بات ایک اسرائیلی اخبار کی رپورٹ میں بتائی گئی جس میں وزارت خزانہ کے ابتدائی اعداد و شمار کا حوالہ دیا گیا۔رپورٹ کے مطابق اس جنگ کے نتیجے میں اسرائیل کو 200 ارب شیکل (51 ارب ڈالرز) کا نقصان ہوگا۔یہ رقم اسرائیل کے جی پی ڈی کے 10 فیصد حصے کے برابر ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ اگر جنگ 8 سے 12 مہینے تک جاری رہتی ہے تو اتنا نقصان ہوگا۔

درحقیقت نقصان کا یہ تخمینہ حزب اللہ، ایران یا یمن کی جانب سے جنگ میں شمولیت کے بغیر ہے اور یہ بھی تصور کیا گیا کہ ریزرو فوجی دستوں کا حصہ بننے والے ساڑھے 3 لاکھ اسرائیلی جلد دوبارہ اپنے روزگار کی جانب لوٹ جائیں گے۔اسرائیلی اخبار کے مطابق وزارت خزانہ نے 200 ارب شیکل کا نقصان ‘پرامید’ تخمینہ قرار دیا ہے۔دوسری جانب اسرائیلی وزارت خزانہ کا کہنا تھا کہ اخبار کا ڈیٹا درست نہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس تخمینے کے مطابق روزانہ ایک ارب شیکل کے دفاعی اخراجات ہو سکتے ہیں جبکہ مزید 40 سے 60 ارب شیکل کا نقصان مختلف کاروباری سرگرمیاں روکنے سے ہوگا۔اسی طرح 17 سے 20 ارب شیکل کاروباری اداروں کو نقصان کی تلافی کے لیے ادا کیے جائیں گے جبکہ 10 سے 20 ارب شیکل بحالی نو کے لیے درکار ہوں گے۔