اسرائیل حماس کے خاتمے کا خواب دیکھنا چھوڑ دے : حسن نصراللہ

تہران : (انٹرنیشنل ڈیسک) لبنانی تنظیم حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ نے کہا ہے کہ حزب اللہ طوفان الاقصیٰ آپریشن کے دوسرے روز سے اسرائیل کےخلاف جنگ میں شریک ہے، ہماری طاقت اسلحہ نہیں ایمان ہے، اسرائیل حماس کے خاتمے کا خواب دیکھنا چھوڑ دے۔

لبنان کے دارلحکومت بیروت میں غزہ پر اسرائیلی حملے کے بعد پہلی بار عوامی اجتماع سے خطاب میں حسن نصر اللہ نے کہا کہ لبنانی اور فلسطینی شہیدوں کے اہل خانہ کو رتبہ شہادت حاصل کرنے پرمبارکباد اور تعزیت پیش کرتے ہیں، شہدا کا رتبہ منفرد رتبہ ہوتا ہے، صرف مسلمان ہی اس رتبے کو سمجھ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ طوفان الا قصیٰ جنگ اخلاقی اور دینی اعتبار سے ایک جائز جنگ ہے، دنیا نے اسرائیلی مظالم پر مجرمانہ طور پر آنکھیں بند کیں ، ہمیں پتہ چل گیا کون ہمارا دوست اور کون دشمن ہے، مدد پر ایران اور عراق کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

حسن نصر اللہ نے کہا کہ طوفان الاقصیٰ آپریشن نے اسرائیل کو ہر لحاظ سے ہلا کر رکھ دیا، اسرائیلی فوج اپنے ہی شہریوں کے قتل میں ملوث ہے۔

حزب اللہ کے سربراہ نے کہا کہ سات اکتوبر کے واقعات کے محرکات پر روشنی ڈالنا، حزب اللہ کا مؤقف واضح کرنا ضروری ہے، طوفان الاقصٰی آپریشن فلسطینیوں کی جنگ ہے اور اس کا علاقائی ممالک سے کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی ماؤں اور بہنوں کی آواز پر ہر قربانی کےلیے تیار ہیں شہادت ہماری طاقت ہے ، جس پر ہمیں فخر ہے ہم نہ جھکیں گے اور نہ کسی کے دباؤ میں آئیں گے۔