ملک میں گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں، وزارت غذائی تحفظ و تحقیق

اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزارت غذائی تحفظ وتحقیق نے واضح کیا ہے کہ ملک میں گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں، پاسکو اور صوبائی محکمہ خوراک نے اپنے سٹاک کو 69 لاکھ 34 ہزار ٹن سٹاک پر رپورٹ کیا ہے۔جاری اعلامیے میں کہاگیاکہ پاس کو 17 لاکھ 80 ہزار ٹن،پنجاب 40 لاکھ 21 ہزار ٹن،سندھ 8 لاکھ 17 ہزار ٹن، خیبر پختونخواہ 2 لاکھ 27 ہزار ٹن اور بلوچستان 89 ہزار ٹن جو ملکی ضروریات کے لیے مئی 2024 تک کافی ہے جبکہ نئی فصل مارچ کے آخر میں مارکیٹ آنا شروع ہو جاتی ہے۔

مزید برآں وفاقی حکومت کے نجی شعبے کو اعتماد دینے کی وجہ سے نجی شعبہ نے درآمد شروع کی ہے، اس وقت تک 7 لاکھ ٹن سے زیادہ گندم ملک میں آچکی ہے جبکہ 12 لاکھ ٹن سے زیادہ مزید گندم درامد کی جائے گی۔ وفاقی حکومت نے نجی شعبے کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے تاکہ گندم کی درآمد کو نئی فصل کے آنے تک یقینی بنایا جا سکے۔حکومت کے ان اقدامات کی وجہ سے طلب اور رسد کی صورتحال بہتر ہوئی ہے اور ملک کے کسی حصے میں گندم کی کوئی کمی نہیں ہے۔

گندم کی قیمتیں جو کہ ایک مہینے پہلے4800 روپے فی من پر تھیں وہ کم ہو کر 4400 سے 4300 روپے فی من پر رپورٹ ہو رہی ہیں۔ گندم کی قیمت میں مزید کمی کے امکانات موجود ہیں جس سے عام آدمی کی مشکلات میں کمی آئے گی اور اس کی قوت خرید بھی بہتر ہوگی۔