یمن نے اسرائیل کیخلاف جنگ کا اعلان کردیا

صنعا(این این آئی)یمنی حوثی باغیوں کی مسلح افواج کے ترجمان جنرل یحییٰ ساری نے منگل کو اسرائیل کے خلاف باقاعدہ جنگ کا اعلان کردیا۔غیرملکی میڈیاکے مطابق جنرل یحییٰ ساری دارالحکومت صنعا سے جاری ایک بیان میں کہا کہ ہم نے فلسطین کے مقبوضہ علاقے میں صہیونی دشمن کے مختلف اہداف پر بڑی تعداد میں بیلسٹک اور کروز میزائل اور بڑی تعداد میں ڈرونز داغے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ آپریشن فلسطین میں ہمارے مظلوم بھائیوں کی حمایت میں تیسرا آپریشن ہے۔یمنی مسلح افواج کے ترجمان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جب تک اسرائیلی حکومت کی جارحیت بند نہیں ہوتی وہ میزائلوں اور ڈرونز سے مزید حملے جاری رکھیں گے۔جنرل یحییٰ ساری نے کہا کہ فلسطین کاز کے حوالے سے ہمارے یمنی عوام کا موقف مستحکم اور اصولی ہے اور فلسطینی عوام کو اپنے دفاع اور اپنے مکمل حقوق استعمال کرنے کا پورا حق حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ غزہ پر حملہ امریکا کی حمایت اور بعض حکومتوں کی شمولیت سے کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایاکہ ہماری افواج نے غزہ کی حمایت میں اپنا فرض ادا کیا اور مقبوضہ علاقوں میں دشمن کے ٹھکانوں پر بیلسٹک اور کروز میزائل داغے۔یمنی مسلح افواج کے ترجمان نے واضح کیا کہ یمنی صنعا حکومت نے گزشتہ تین ہفتوں کے دوران غزہ میں فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور حمایت کیلئے اب تک تین آپریشن کیے ہیں جس میں اس کاز سے وابستگی پر زور دیا گیا ہے۔