بیروت : (انٹرنیشنل ویب ڈیسک) فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے تل ابیب اور اسرائیلی شہروں پر راکٹ حملے کیے ہیں، ادھر لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے دوٹوک الفاظ میں حماس کی حمایت سے دستبردار نہ ہونے کا اعلان کیا ہے ۔
لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے واضح کیا ہے کہ دنیا کے تمام لڑاکا بحری بیڑے بھی آجائیں تو حزب اللّٰہ کو حماس کی حمایت سے دست بردار نہیں کراسکتے۔
لبنانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بیس روز کے دوران اسرائیل لبنان سرحد پر اسرائیل کے 17 فوجیوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔
اسرائیلی میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ 7 اکتوبر سے جاری آپریشن الاقصیٰ طوفان میں اس کے 309 فوجی ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 224 افراد تاحال یرغمال ہیں۔
اسرائیلی شہروں پرحماس کے راکٹ حملے
دوسری جانب حماس نے بھی اسرائیل کے شہر تل ابیب سمیت مختلف مقامات کو راکٹوں سے نشانہ بنایا ہے ، میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ تل ابیب، یافا اور دیگر اسرائیلی شہروں میں راکٹوں سے تباہی ہوئی ہے۔
اسرائیلی شہر رحو فوت میں ہائی ٹرانسمیشن لائن پر راکٹ لگنے سے بجلی معطل ہوگئی، جبکہ ایک راکٹ اسرائیلی علاقے الکریاہ میں بھی گرا، جس کے بعد ہنگامی سائرن بجنے سے وہاں ہونے والا اسرائیلی عسکری کونسل کا اجلاس روکنا پڑا۔
القسام بریگیڈ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ اسرائیل پر تازہ راکٹ حملے غزہ کی شہری آبادی پر بمباری کا جواب ہے۔
حماس اور حزب اللہ کے حملوں کے سبب سوا لاکھ سے زائد اسرائیلی آبادکاروں کو شمال سے جنوب منتقل ہونا پڑا ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج کا گزشتہ شب غزہ پٹی میں ایک بار پھر زمینی کارروائی کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔