ڈھاکہ: (انٹرنیشنل ویب ڈیسک) ضلع بھائیراب میں مسافر ٹرین سامنے سے آنیوالی مال برادر ٹرین سے ٹکراگئی، حادثے میں 15 مسافر ہلاک جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب دونوٹرینیں ایک ہی پٹڑی پر آمنے سامنے آگئیں، خوفناک تصادم میں مسافر بردار ٹرین کی 5 بوگیاں الٹ گئیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں 15 افراد موقع پر ہلاک ہوئے جبکہ 100 زائد زخمیوں کو طبی امداد کے بعد ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں 2 درجن سے زائد مسافروں کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
ترجمان وزارتِ ریلوے کے مطابق حادثے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی ہے، ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔