ایف بی آر نے ٹیکس دہندگان کی سہولت کیلئے خصوصی کمیٹی بنا دی

اسلام آباد: (کامرس ویب ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس دہندگان کو سیلز ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی سہولت فراہم کرنے کے بارے میں سنگل پورٹل ڈیزائن اور ڈویلپمنٹ و عمل درآمد کیلئے خصوصی کمیٹی قائم کر دی۔

خصوصی کمیٹی کے تحت تین ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، یہ کمیٹی پہلے مرحلے میں 31 اکتوبر 2023 تک ایف بی آر اور پنجاب ریونیو اتھارٹی کیلئے ٹیلی کام سیکٹر کے بارے میں سنگل پورٹل سیلز ٹیکس ریٹرن فائلنگ سسٹم ڈیزائن کر کے عمل درآمد کروائے گی۔

دوسرے مرحلے میں 31 مئی 2024 تک فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور تمام صوبائی ریونیو اتھارٹیز کیلئے تمام شعبوں کے بارے میں سنگل سیلز ٹیکس ریٹرن فائلنگ پورٹل ڈیزائن و ڈویلپمنٹ کر کے عملدرآمد کرائے گی۔

دستاویز کے مطابق ایف بی آر کی جانب سے قائم کردہ خصوصی کمیٹی 8 ارکان پر مشتمل ہے جنہیں مزید تین ٹیموں میں تقسیم کیا گیا ہے، ٹیم شیر سلیم طارق، ڈاکٹر ناصر خان اور عامر امین بھٹی پر مشتمل ہوگی جبکہ دوسری ٹیم اس سیلز ٹیکس ریٹرنگ فائلنگ کے سنگل پورٹل پر عملدرآمد کیلئے قائم کی گئی ہے۔

یہ ٹیم زین العابدین ساہی کی سربراہی میں قائم کی گئی ہے، ٹیم کے دیگر ممبران میں مہوش خان، فرحان اظہر اور شاہد شریف شامل ہونگے جبکہ تیسری ٹیم دو اراکین پر مشتمل ہوگی جن میں محمد خالد جمیل اور سعدیہ کمال شامل ہوں گی۔