غزہ: (انٹرنیشنل ڈیسک) جنگی جنون اور طاقت کے نشے میں بدمست صیہونی فورسز نےغزہ پر موت کی چادر پھیلا دی، مسلسل بمباری سے شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 4 ہزار 137 ہوگئی ہے۔
اسرائیلی بمباری کے باعث غزہ میں ہر طرف تباہی و بربادی نے ڈیرے ڈال لیے، مظلوم فلسطینی عمارتوں کے ملبے سے اپنے پیاروں کو ڈھونڈ رہے ہیں۔
اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں میں 1500 سے زائد بچے اور 1 ہزار سے زائد خواتین بھی شامل ہیں جبکہ غزہ شہر میں ہر طرف آگ اور دھوئیں کے بادلوں سے زندگی کے آثار ختم ہونے لگے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فلسطینی مزاحمتی گروپ حماس نے فوری جنگ بندی کے بدلے کچھ یرغمالیوں کو رہا کرنے کی پیشکش کی ہے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ نے اسرائیل سے غزہ کا محاصرہ ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا، رفح کراسنگ تاحال نہیں کھولی جا سکی، اقوام متحدہ کے امدادی ٹرک رفح کراسنگ کھلنے کے منتظر ہیں۔