تہران : (انٹرنیشنل ویب ڈیسک ) ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے غزہ کے ہسپتال میں ہونے والے دھماکے کے جواب میں اسرائیل کو اسلامی دنیا کی طرف سے سخت انتقام سے خبردار کیا ہے۔
وسطی تہران میں ہزاروں افراد کے مظاہرے کے دوران بات کرتے ہوئے ایرانی صدر نے کہا ہسپتال پر حملے کے ساتھ ہی صیہونی حکومت کا خاتمہ شروع ہو جائے گا ، فلسطینیوں کے خون کا ہر قطرہ صیہونی حکومت کو اپنے زوال کے ایک قدم اور قریب لے جا رہا ہے۔
ابراہیم رئیسی نے کہا کہ امریکا اسرائیل کے جرائم میں اس کا ساتھی ہے، دنیا کے لوگ امریکاکو صیہونی حکومت کے جرائم کا ساتھی سمجھتے ہیں۔
واضح رہے کہ بدھ کے روز غزہ کے الاہلی عرب ہسپتال پر اسرائیلی حملے میں 500 فلسطینی شہید ہوئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں ۔
یاد رہے کہ 7 اکتوبر سے اسرائیل نے انتہائی گنجان آباد غزہ کی پٹی کی مکمل ناکہ بندی کر رکھی ہے ، غزہ کی جانب خوراک اور ادویات کی ترسیل روک دی گئی ہےجبکہ تمام گذرگاہوں کو بند کردیا گیا ہے، انسانی امداد پر مبنی سامان کی آمدورفت روک دی گئی ہے اور بجلی اور پانی بھی منقطع کر دیا گیا ہے۔
7 اکتوبر سے شروع لڑائی میں 12 روز کے دوران لگ بھگ 3500 فلسطینی شہید اور 1400 اسرائیلی ہلاک ہو چکے ہیں۔