کراچی: (کامرس ڈیسک) قومی ایئر لائنز (پی آئی اے) کو گزشتہ روز سے رکے ہوئے ایندھن کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے جس کے بعد مختلف ایئر پورٹس سے پروازوں کی روانگی کا بھی آغاز ہو گیا ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق ایندھن کی عدم فراہمی اور انتظامی مسائل کی وجہ سے پی آئی اے کا شیڈول شدید متاثر ہوا، آج صبح پی آئی اے کو فیول کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے، کمپنی سے یومیہ بنیادوں پر فیول کی فراہمی کا معاہدہ ہو گیا ہے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ معاہدے کے تحت پی آئی اے روزانہ 10 کروڑ روپے کی ادائیگی کرے گی، اسی حساب سے فیول کی فراہمی ہو جائے گی۔
ادھر فیول کی فراہمی کے بعد گزشتہ رات سے لاہور میں رکی پرواز پی کے 307 کراچی روانہ ہو گئی، اسلام آباد میں رات سے رکی ہوئی پرواز پی کے 309 بھی کراچی روانہ کر دی گئی ہے۔