کابل : (انٹرنیشنل ویب ڈیسک ) افغانستان کے صوبے ہرات میں 6.3 شدت کا زلزلہ آیا ہےجو کہ گزشتہ 9روز کے دوران آنیوالا تیسرا زلزلہ ہے ۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) نے کہا ہے کہ ہرات شہر کے قریب 6.3 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں جس کی گہرائی یہ 6.3 کلومیٹرتھی۔
انہوں نےبتایا کہ حالیہ زلزلے سے تاحال کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
تازہ ترین زلزلے کا مرکز ہرات سے 30 کلومیٹر شمال مغرب میں تھا، جو ایران کی سرحد کے قریب افغانستان کا تیسرا سب سے بڑا شہر ہے۔
واضح رہے اس سے قبل بھی رواں ماہ میں دو بار 6.3 شدت کے زلزلوں نے افغانستان کو ہلا کر رکھ دیا تھا، پہلے بھی زلزلے نے ہرات کو ہی نشانہ بنایا تھا جس میں کم از کم 2 ہزار کے قریب افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے اور بڑے پیمانے پر انفرا سٹرکچر تباہ و برباد ہوا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پہلے آنے والے زلزلے میں جاں بحق ہونیوالوں میں 90 فیصد سے زائد خواتین اور بچے شامل تھے۔