پی آئی اے کو فوری قرضہ نہ ملنے پر فضائی آپریشن مبینہ بند ہونے کا خدشہ

کراچی: (نیوز ڈیسک) قومی ایئر لائن پی آئی اے کو فوری طور پر قرضہ نہ ملنے پر فضائی آپریشن مبینہ طور پر بند ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔

ایئرلائن انتظامیہ نے ایوی ایشن ڈویژن کو خط لکھ دیا، خط میں کہا گیا کہ آپریشن جاری رکھنے کے لئے بینکوں سے فوری طور پر ساڑھے 7 ارب قرضہ کی سہولت دلائی جائے، حکومت پاکستان کی فراہم کردہ گارنٹیز میں ایئر لائن کے پاس 7 ارب 50 کروڑ قرضے کے حصول کا آپشن باقی ہے۔

خط میں مزید کہا گیا ان گارنٹیز کے تحت 3 بینکوں سے 5 ارب قرضہ کی سہولت مانگنے پر بینکوں نے کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی، پی آئی اے کے انتہائی سنگین مالی مسائل کے باعث کوئی بینک قرضہ دینے میں دلچسپی نہیں رکھتا، مالی مسائل کے باعث جدہ اور دبئی میں فیول فراہمی روکی گئی ہے جبکہ پی ایس او نے بھی فیول دینے سے منع کر دیا ہے۔

خط میں کہا گیا ایاٹا رکنیت کسی بھی وقت معطل ہو سکتی ہے، ایف بی آر نوٹسز کا معاملہ بھی درپیش ہے، وزارت خزانہ بینکوں کو فوری طور پر حکومت پاکستان کی گارنٹی پر 5.7 ارب قرضہ فراہم کرنے کے لئے مداخلت کرے، خط جنرل منیجر فنڈز مینجمنٹ کی جانب سے سیکشن افسر ہوا بازی ڈویژن کو ارسال کیا گیا۔

ترجمان پی آئی اے سے خبر کی تصدیق کے لئے رابطہ کیا گیا مگر ان کی جانب سے کسی بھی قسم کا مؤقف دینے گریز کیا گیا۔