ریاض : (انٹرنیشنل ویب ڈیسک ) سعودی عرب نے غزہ سے فلسطینی عوام کے جبری انخلا کے اسرائیل کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے نہتے شہریوں پر مسلسل حملوں کی مذمت کی ہے۔ سعودی عرب نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ عام شہریوں کے خلاف فوجی کارروائی کو رکوانے کے فوری اقدامات کیے جائیں۔
سعودی عرب کا کہنا ہے کہ اسرائیلی بمباری میں زخمی ہونے والے شہریوں کو فوری طور پر غزہ سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے، 1966 کی صورتحال کے مطابق آزاد فلسطینی ریاست بنائی جائے۔
سعودی دفتر خارجہ نے کہا غزہ کے باشندوں کو پر وقار زندگی کے بنیادی تقاضوں سے محروم کرنا بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی ہے، اس سے غزہ کو درپیش المیہ اور بحران زیادہ گہرا اور دھماکہ خیز ہو جائے گا۔
سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے برطانوی ہم منصب اور یورپی یونین کے اعلیٰ عہدیدار کو فون کیا اور کہا کہ اسرائیل عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی پابندی کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ غزہ کی ناکہ بندی ختم اور امدادی اشیاء کی ترسیل کی اجازت دی جائے۔ یاد رہے کہ اسرائیل نے غزہ میں اپنی افواج کو داخل کرنے سے پہلے وہاں کے شہریوں سے کہا ہے تھا وہ اگلے 24 گھنٹوں میں جنوبی علاقے میں منتقل ہو جائیں۔