اسرائیل میں ہیجانی صورتحال برقرار ، اسرائیلی وزیر اطلاعات اچانک مستعفی

یروشلم : (انٹرنیشنل ڈیسک) حماس کے حملوں کے بعد اسرائیل میں ہیجانی صورتحال برقرار ہے ، اسرائیل کی وزیراطلاعات گالیت ڈسٹل اچانک مستعفی ہوگئیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل کی وزیرِ اطلاعات کاکہنا ہے کہ بے اختیار وزارت کوچلانا اسرائیلی خزانے کیلئے نقصان دہ ہے۔

گالیت ڈسٹل نے سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا کہ موجودہ حالات میں فنڈز کی اہمیت کے پیش نظر فیصلہ کیا کہ اطلاعات آفس ملک کیلئے کوئی قابل ذکر خدمات سرانجام نہیں دے سکتا اور ملک کی بہتری سب سے اہم ہے اس لیے میں ملکی خزانہ بچانے کیلئےاپنے عہدے سے استعفیٰ دے رہی ہوں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرئیلی وزیر نے حزب اللہ کو سمارٹ قرار دینے کے بیان پر امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر کڑی تنقید بھی کی ہے۔

گالیت ڈسٹل کا کہنا ہے کہ سابق امریکی صدر کا ایسا بیان آنا شرمناک ہے، ٹرمپ کا بیان پروپیگنڈا ہے جس سے اسرائیلیوں کے عزم کو نقصان پہنچا۔

دوسری جانب افرا تفری اور حماس سے نمٹنے میں تاحال ناکامی پر اسرائیلی میڈیا اپنی ہی حکومت پر تنقید کر رہا ہے۔ دوسری جانب غزہ پر اسرائیلی بمباری سے جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد 1500سے زائد ہوگئی جبکہ زخمیوں کی تعداد7 ہزار سے تجاوزکرگئی ہے۔

اسرائیلی فوج کی بمباری سے بے گھر فلسطینیوں کی تعداد 3 لاکھ 38 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔