اسرائیل کی آباد کار پالیسی مشرق وسطیٰ میں تشدد بھڑکانے کی بڑی وجہ ہے: روس

ماسکو: (انٹرنیشنل ویب ڈیسک) روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ فلسطینی اپنی سرزمین پر رہتے ہیں، انہیں اپنی آزاد ریاست کے قیام کا حق ہے، اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کو مصر چھوڑنے کا مطالبہ امن کیلئے نقصان دہ ثابت ہو گا۔

اپنے ایک انٹرویو میں روسی صدر نے کہا ہے کہ ہمارے کیلئے اندازہ لگانا مشکل ہے، فلسطینی جس سرزمین پر رہتے ہیں وہ تاریخی طور پر ان کی اپنی سر زمین ہے، فلسطینیوں کو اپنی ایک آزاد ریاست کے قیام کا حق ہے، فلسطینی ریاست کے قیام جیسے مسائل کو حل کیے بغیر تنازع حل نہیں ہو سکتا، اسرائیل کی آباد کاری کی پالیسی مشرق وسطیٰ میں تشدد بھڑکانے کی ایک بڑی وجہ ہے۔

کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے بیان میں کہا کہ روس فلسطین اسرائیل تنازعے کے حوالے سے کارروائی کے متوازن اصولوں پر کار بند ہے اور دونوں فریقین کے ساتھ بات چیت میں مساوی فاصلہ برقرار رکھتا ہے، ہم دونوں فریقین کے ساتھ بات چیت جاری رکھے ہوئے ہیں، روس کیلئے متوازن نقطہ نظر کو برقرار رکھنا اور تنازعے کے دونوں فریقین کے ساتھ رابطے میں رہنا ضروری ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بدھ کو روسی صدر نے امریکا پر الزام لگایا تھا کہ وہ فلسطین اسرائیل تنازعے کے حل کیلئے متوازن عمل سے گریز کر رہا ہے اور بنیادی مسائل کو حل کیے بغیر معاملات کو اپنے ہاتھ میں لینے کی کوشش کر رہا ہے۔