لاہور: (نیوز ڈیسک) ریکوری اور بجلی چوری مہم نے ملازمین کو تھکا دیا، ریکوری کے نام پر کئی کئی گھنٹے زائد ڈیوٹی سے لیسکو ملازمین ذہنی دباؤ کا شکار ہونے لگے۔
ہفتہ وار چھٹی منسوخ ہونے اور 12 گھنٹے سے زائد ڈیوٹی پر گزشتہ روز میٹر ریڈرز تحریک کی جانب سے لیسکو ہیڈ کوارٹرز کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین نے پاور ڈویژن اور لیسکو انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
مظاہرین نے کہا کہ میٹر ریڈر کا کام صرف ریڈنگ لینا ہے، لیسکو اتھارٹی نے ریکوری، بجلی چوری روکنے پر بھی میٹر ریڈرز کو لگا رکھا ہے، بجلی چوری پکڑتے ہیں اس کے باوجود سہولت کاری کا الزام بھی لگایا جاتا ہے۔
احتجاجی مظاہرین کا مزید کہنا تھا کہ مسلسل ڈیوٹی سے ذہنی دباؤ بڑھتا جا رہا ہے جس کا جو کام ہے اس سے وہی ڈیوٹی لی جائے۔