ریاض : (انٹرنیشنل ویب ڈیسک ) فلسطین اتھارٹی نے اسرائیلی جارحیت بند کرانے کے لیے عرب وزرائے خارجہ کا غیرمعمولی اجلاس طلب کی درخواست کی ہے۔
سعودی اخبار کے مطابق عرب لیگ کے معاون سیکرٹری جنرل حسام زکی نے کہا ہے کہ جنرل سیکرٹریٹ کو فلسطین کی جانب سے عرب وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس بلانے کے حوالے سے درخواست موصول ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عرب لیگ جنرل سیکرٹریٹ مراکش سمیت متعدد ممالک کے ساتھ جلد اجلاس بلانے کے سلسلے میں مشاورت کررہاہے ، مراکش ان دنوں عرب لیگ سیشن کا سربراہ ہے، کوشش ہے اجلاس میں زیادہ سے زیادہ عرب وزرا شریک ہوں۔
دوسری جانب سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے حماس کی جانب سے اسرائیل پر اچانک حملے کے بعد تشدد میں اضافے کے خاتمے پر زور دیا ہے۔
واضح رہےہفتہ کے روز شروع ہونے والی جنگ کے دو دنوں میں 700 سے زیادہ اسرائیلی ہلاک اور 2200 سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں، اسرائیل نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے غزہ کی پٹی کے خلاف بڑے پیمانے پر فوجی آپریشن کیا ہے۔
آپریشن کے نتیجے میں اب تک 480 فلسطینی شہید اور دو ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔