بھارت کی جانب سے سکھوں کو نشانہ بنانے کیخلاف آسٹریلیا میں احتجاج

میلبورن : (انٹرنیشنل ویب ڈیسک ) آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں بھارت کی جانب سے سکھوں کو نشانہ بنانے کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا ۔

اس موقع پر ہزاروں سکھوں نے فیڈریشن سکوائر سے پارلیمنٹ تک واک کی ، سکھوں کے احتجاج کا مقصد کینیڈا میں بھارتی ایجنٹوں کے ہاتھوں ہردیپ سنگھ کے قتل سے آسٹریلوی حکومت کو آگاہ کرنا تھا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ بھارت بیرون ملک آباد سکھ رہنماؤں کو خالصتان تحریک سے روکنے کیلئے راستے سے ہٹا رہا ہے۔ مظاہرین نے آسٹریلوی حکومت سے بھارت کی کارروائیوں کو لگام ڈالنے کا بھی مطالبہ کیا۔

واضح رہے کہ کینیڈا میں خالصتان رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے بعد کینیڈین حکومت کی جانب سے قتل کا الزام بھارتی خفیہ ایجنسیوں پر لگایا گیا تھا جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو گیا تھا۔