اسرائیلی وزیرکا اقوام متحدہ کانفرنس میں شرکت کیلئے سعودی عرب کا پہلا سرکاری دورہ

تل ابیب (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیل کے وزیر سیاحت حایم کاٹز سعودی عرب کے پہلے اعلی سطح کے سرکاری دورے پرالریاض پہنچ گئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ان کی وزارت نے ایک بیان میں کہا کہ کاٹز سعودی عرب میں اسرائیل کے کسی سرکاری وفد کی سربراہی کرنے والے پہلے وزیر ہیں۔وہ الریاض میں اقوام متحدہ کی ورلڈ ٹورازم آرگنائزیشن کی تقریب میں شرکت کریں گے۔

کاٹز کے دفتر نے کہا کہ دو روزہ دورے میں وہ اپنے ہم منصبوں کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے، اس بات کی وضاحت کیے بغیر کہ اس طرح کے مذاکرات میں کون کون سے ممالک شریک ہورہے ہیں۔اسرائیلی وزیر کا یہ تاریخی دورہ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب الریاض نے گذشتہ تین دہائیوں میں پہلی مرتبہ اپنا ایک وفد مقبوضہ مغربی کنارے میں بھیجا ہے جبکہ امریکا اپنے دونوں دیرینہ اتحادیوں اسرائیل اور سعودی عرب پر تعلقات معمول پر لانے کے لیے دبا ئوڈال رہا ہے۔