صدر شی جن پنگ کی چین ، جاپان اور جنوبی کوریا سربراہ اجلاس کی بحالی کیلئے حمایت

بیجنگ : (انٹرنیشنل ویب ڈیسک ) چین کے صدر شی جِن پِنگ نے جنوبی کوریا کے وزیرِ اعظم کو بتایا ہے کہ وہ کسی مناسب وقت پر چین، جاپان اور جنوبی کوریا کے سالانہ سربراہی اجلاسوں کا انعقاد دوبارہ شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

خبررساں ادارے کے مطابق جنوبی کوریائی حکومت کے ایک اعلیٰ سطحی عہدیدار نے کہا ہے کہ صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ ان کا ملک سہ فریقی سربراہ ملاقاتوں کو دوبارہ شروع کرنے کی جنوبی کوریا کی کوششوں کو سراہتا ہے۔

خیال رہے کہ یہ سربراہ ملاقاتیں چار سال سے معطل ہیں ، مذکورہ عہدیدار نے چینی صدر کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک مناسب وقت پر سربراہ ملاقات کے انعقاد کا خیرمقدم کیا جائے گا۔

اس موقع پر جنوبی کوریا کے وزیر اعظم نے چینی صدر کو بتایا کہ اس بات کو یقینی بنانے کیلئے جنوبی کوریا اقدامات کرے گا کہ سربراہ ملاقات فوری طور پر منعقد ہو سکے۔

اطلاعات کے مطابق اُنہوں نے کہا کہ اُن کا ملک آنے والے دنوں میں جنوبی کوریا کے دارلحکومت سیئول میں ایک اعلیٰ سطحی سہ فریقی ملاقات کی میزبانی کرتے ہوئے آغاز کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی کوریا رواں سال کے آخر تک اعلیٰ سطحی بات چیت کا انعقاد چاہتا ہے۔ جنوبی کوریا آئندہ سہ فریقی سربراہ اجلاس کی باری کی سربراہی سنبھالنے والا ہے۔ واضح رہے کہ جنوبی کوریائی وزیر اعظم ان دنوں ایشیائی کھیلوں کی افتتاحی تقریب میں شرکت کیلئےچین کا دورہ کر رہے ہیں۔