انتہا پسند ہندوؤں کی سنگین دھمکیاں، کینیڈین ہائی کمیشن کا تھریٹ الرٹ جاری

نئی دہلی: (انٹرنیشنل ڈیسک) انتہا پسند ہندوؤں کی نئی دہلی میں کینیڈین سفارت کاروں کو سنگین نتائج کی دھمکیوں کے بعد کینیڈین ہائی کمیشن نے تھریٹ الرٹ جاری کر دیا۔

کینیڈین ہائی کمیشن کے مطابق انتہا پسند ہندوؤں نے کینیڈین سفارتکاروں کو سوشل میڈیا پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں، گلوبل افئیرز کینیڈا بھارت میں سکیورٹی کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے، بھارتی حکومت ویانا کنونشن کے تحت سفارتکاروں کی سکیورٹی یقینی بنائے۔

تجزیہ نگاروں کے مطابق بگڑتی سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر کینیڈین حکومت سفارت خانوں میں سٹاف کی کمی پر بھی غور کر رہی ہے، صورتحال یہی رہی تو کینیڈین حکومت جلد اپنے بھارتی سفارت خانے بند کر دے گی، بھارتی حکومت ہر طرح کی اختلافی آوازوں کو بند کرنے کے لئے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔

ماہرین نے کہا ماضی میں بھی مودی سرکار نے اسی طرح کے حربوں سے ایمنسٹی انٹرنیشنل کو بھارت چھوڑنے پر مجبور کر ڈالا تھا، مودی کے خلاف ڈاکومینٹری نشر کرنے پر بھارتی حکومت نے ٹیکس چوری اور دیگر قوانین کی خلاف ورزی کا بہانہ بنا کر بی بی سی کے دفاتر پر چھاپے بھی مارے تھے۔