گیس چوری کیخلاف کریک ڈاؤن، 175 کنکشن منقطع، لاکھوں کے جرمانے

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) پنجاب، خیبر پختونخواہ اور اسلام آباد میں گیس چوری پر 175 کنکشن منقطع، 22لاکھ سے زائدکے جرمانے عائد کردیے گئے۔

سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کے تحت پنجاب، خیبر پختونخواہ اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں گیس چوری کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران مزید 175 گیس کنکشن منقطع کردیے گئے، گیس چوری میں ملوث افراد پر 22لاکھ سے زائد کے جرمانے عائد کردیے گئے ہیں۔

سوئی ناردرن گیس نے پشاور میں گیس کے براہ راست استعمال، غیر قانونی کنکشن پر 11کنکشن منقطع کیے جانے کے علاوہ گیس چوری پر سات لاکھ روپے سے زائد کا جرمانہ عائد کیا جبکہ گیس چوروں کے خلاف متعلقہ تھانوں میں تین ایف آئی آر بھی درج کروادی گئیں۔

راولپنڈی میں ریجنل ٹیم نے 17 گیس کنکشن منقطع کیے، مردان میں گیس کے براہ راست استعمال پر چھ گیس کنکشن منقطع کردیے گئے، سیالکوٹ میں کمپریسر کے استعمال پر سات جبکہ لائن کی غیر قانونی توسیع پر ایک گیس کنکشن منقطع کردیا گیا۔

سرگودھا میں گیس کے غیر قانونی استعمال پر 16کنکشن منقطع کرنے کے علاوہ گیس چوروں پر ایک لاکھ 23 ہزار سے زائد کے جرمانے کیے، گوجرانوالہ میں ریجنل ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے 32گیس کنکشن منقطع کرنے کے علاوہ گیس چوری کی مد میں 8 لاکھ سے زائد کے جرمانے عائد کیے جبکہ گجرات میں کارروائیوں کے دوران 80 ہزار کے جرمانے عائد کیے گئے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گیس کے غیر قانونی استعمال پر چھ کنکشن منقطع کردیے گئے، ساہیوال میں گیس لائن کی غیر قانونی توسیع پر 5 ، فیصل آباد میں ریجنل ٹیم نے کریک ڈاؤن کے دوران 28کنکشن منقطع کرنے کے علاوہ ایک لاکھ 40 ہزار سے زائد کے جرمانے کیے۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں گیس کے غیر قانونی استعمال پر 10 کنکشن منقطع کرنے کے علاوہ دو گیس چوروں کو گرفتار جبکہ متعلقہ تھانوں میں تین ایف آئی آر بھی درج کروائی گئیں، بہاولپور میں ریجنل ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے کمپریسر کے استعمال پر 12جبکہ گیس کے غیر قانونی استعمال پر آٹھ کنکشن منقطع کردیے۔

ملتان میں ریجنل ٹیم نے کمپریسر کے استعمال پر 9جبکہ غیر قانونی استعمال پر 5 اور شیخوپورہ میں میٹر کے ساتھ چھیڑ چھاڑ پر 2 کنکشن منقطع کردیے گئے۔