راولپنڈی (کامرس ڈیسک) راولپنڈی ضلعی انتظامیہ راولپنڈی نے عوام الناس کو چینی حکومتی نرخ پر فروخت کرنے کے لیے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔راولپنڈی میں حکومتی نرخ پر چینی کی قیمت 150 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔ سرکاری نرخ پر چینی کی فروخت کو یقنیی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ متحرک ہو گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق دکاندار حضرت عوام الناس کو چینی 150 روپے فی کلو فروخت کرنے کیلئے7350 روپے فی تھیلہ 50 کلو چینی حاجی منظور اینڈ کو، گندم منڈی راولپنڈی سے حاصل کر سکتے ہیں۔
دینی ادارے، مدارس، محمدی دستر خوان اور لنگر خانے بھی اسی ریٹ پر لے سکتے ہیں۔ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز راولپنڈی عبدالقدوس طور کا کہنا ہے کہ جو چینی ضبط کی گئی ہے وہ راولپنڈی میں پرچون فروشوں کو 147 روپے فی کلو کے حساب سے مہیا کی جا رہی ہے۔اس بات کو انتظامیہ کی طرف سے یقینی بنایا جائے گا کہ چینی عوام کو 150 روپے فی کلو سے زیادہ میں فروخت نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی ہدایات کے مطابق محکمہ خوراک اور محکمہ صنعت راولپنڈی چینی ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کاروائیاں جاری رکھے گی۔