سری نگر: (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ایک اور فالس فلیگ آپریشن کیا گیا، اننت ناگ میں مبینہ ان کاؤنٹر کے نتیجے میں بھارتی فوج کا کرنل، میجر اور ڈی ایس پی ہلاک ہوگیا۔
کشمیر میڈیا سروس (کے ایم ایس) کے مطابق اننت ناگ میں مبینہ ان کاؤنٹر میں بھارتی فوج کا کرنل، میجر اور ڈی ایس پی ہلاک ہوگیا، یہ واقعہ بھی بھارت کے ماضی کے فالس فلیگ آپریشنز طرز پر کئے جانے کی اطلاعات ہیں۔
ایسے جھوٹے آپریشنز کی جانب گزشتہ دنوں مقبوضہ کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال نے بھی اشارہ دیا تھا، مقبوضہ کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال نے کہا تھا کہ کیسے مودی حکومت کی جانب سے اس طرح کے واقعات کی منصوبہ بندی کی جاتی ہے۔
واقعہ 2002 کے گجرات واقعے اور 2019 کے پلوامہ حملے جیسے واقعات کی بھی نشاندہی کرتا ہے، بھارت میں ایسے واقعات کو انتخابات میں ووٹ حاصل کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
بھارت میں پاکستانی فوج پرجوابی حملے کے بارے میں قیاس آرائیاں شروع ہوگئی ہیں، ان قیاس آرائیوں کا مقصد صرف عوامی حمایت اور ووٹ حاصل کرنا ہے۔
یہ ناکام کوشش جعلی ان کاؤنٹر سے شروع ہو کر اپنے ہی فوجیوں کی ہلاکت پر انجام پذیر ہوئی۔
یاد رہے کہ منی پور اور ہریانہ میں بھی عیسائیوں، مسلمانوں پر تشدد کے حالیہ واقعات رونما ہوئے، بی جے پی ان واقعات کو نسلی زاویہ دیکر انتخابی فوائد حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
بھارت مقبوضہ کشمیر کے بارے میں اس وقت ایک متضاد بیانیہ پیش کر رہا ہے، بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کا یہ واقعہ وادی میں معمول کے حالات کے دعووں کی صریحاً نفی کر رہا ہے۔