ہنوئی: (انٹرنیشنل ویب ڈیسک ) ویتنام کے ایک رہائشی اپارٹمنٹ میں لگنے والی آگ سے جھلس کر ہلاک ہونیوالوں کی تعداد56 ہوگئی ۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق آگ ویتنام کی کثیرالمنزلہ رہائشی عمارت کی پہلی منزل پر واقع پارکنگ میں خوفناک آگ بھڑک اُٹھی جہاں درجنوں موٹرسائیکلیں جل کر خاکستر ہوگئیں، پارکنگ ایریا میں لگنے والی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے دوسری اور تیسری منزل کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ رہائشی عمارت میں آگ رات 2 بجے لگی، امدادی کاموں کے دوران آگ میں پھنسے 70 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا تھا ، عمارت میں 150 افراد رہائش پذیر تھے، آگ لگنے سے اب تک 56 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے، مرنے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔
اس حوالے سے ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہلاکتیں بری طرح جھلس جانے اور دم گھٹنے کے باعث ہوئی ہیں ، عمارت میں آگ لگنے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات جاری ہیں۔
ویتنام میڈیا کا کہنا ہے آگ لگنے سے کئی افراد نے عمارت سے چھلانگ لگاکر اپنی جانیں بچائیں، اس دوران وہ زخمی بھی ہوئے تاہم انہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
گنجان آباد علاقے میں واقع اس فلیٹ کی بالکونیاں چھوٹی اور لوہے کی گرل سے بند تھیں ، آگ میں پھنسے افراد کے باہر نکلنے کا کوئی راستہ نہیں تھا اور امدادی کاموں میں بھی جگہ کی تنگی رکاوٹ تھی۔
یاد رہے کہ ویتنام میں ہی ایک سال قبل 3 منزلہ بار میں آگ لگنے سے 32 افراد ہلاک اور 17 زخمی ہوگئے تھے۔