ملک کو اربوں ڈالرز کما کر دیے والے ٹیکسٹائل شعبہ کی ایکسپورٹ میں مزید کمی ہو گئی

جولائی اور اگست میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی ایکسپورٹس سے صرف 2.79 ارب ڈالرز حاصل ہو سکے، گزشتہ سال کے اسی عرصے میں ٹیکسٹائل ایکسپورٹس سے 3.12ارب ڈالرز حاصل ہوئے تھے

اسلام آباد (کامرس ڈیسک) ملک کو اربوں ڈالرز کما کر دیے والے ٹیکسٹائل شعبہ کی ایکسپورٹ میں مزید کمی ہو گئی، جولائی اور اگست میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی ایکسپورٹس سے صرف 2.79 ارب ڈالرز حاصل ہو سکے، گزشتہ سال کے اسی عرصے میں ٹیکسٹائل ایکسپورٹس سے 3.12ارب ڈالرز حاصل ہوئے تھے۔ تفصیلات کے مطابق ٹیکسٹائل مصنوعات کی ایکسپورٹس میں رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں بھی سالانہ بنیادوں پر نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔
پاکستان بیورو برائے شماریات اور اپٹما کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی اور اگست میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی ایکسپورٹس کا حجم 2.79ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 10.6 فیصد کم ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی ایکسپورٹ سے ملک کو3.12ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔
رواں سال اگست میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی ایکسپورٹس سے ملک کو1.48ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 6.3 فیصد کم ہے۔

اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ سال اگست میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی ایکسپورٹس کا حجم 1.38ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ جولائی کے مقابلے میں اگست میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی ایکسپورٹس میں ماہانہ بنیادوں پر 13فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ جولائی میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی ایکسپورٹس سے ملک کو1.31ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو اگست میں بڑھ کر1.48ارب ڈالر ہوگیا۔
یہاں واضح رہے کہ گزشتہ مالی سال کے دوران ٹیکسٹائل ایکسپورٹس میں نمایاں کمی کی وجہ سے پاکستان کو مجموعی ایکسپورٹس کی مد میں 4 ارب ڈالرز سے زائد کی کمی کا نقصان ہوا۔ اس سے پچھلے مالی سال میں پاکستان کی مجموعی ایکسپورٹس 32 ارب ڈالرز کی سطح سے بھی اوپر چلی گئی تھیں، جن میں ٹیکسٹائل ایکسپورٹس کا سب سے زیادہ حصہ رہا۔ تاہم گزشتہ سال پاکستان کی مجموعی ایکسپورٹس 32 ارب ڈالرز سے کم ہو کر 27 ارب ڈالرز سے کچھ زائد رہی تھیں۔