نیپرا نے ڈسکوز کی بلنگ میں پائی جانے والی بے ضابطگیوں کا سخت نوٹس لے لیا، اعلیٰ سطح کی کمیٹی ڈسکوز کی کارکردگی کا انداازہ لگائے گی
اسلام آباد(نیوز ڈیسک) نیپرا نے ڈسکوز کی بلنگ میں پائی جانے والی بے ضابطگیوں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے صارفین کو ہنگامی بنیادوں پر ریلیف دینے کا حکم دے دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اعلیٰ سطح کی کمیٹی ڈسکوز کی کارکردگی کا انداازہ لگائے گی۔ کمیٹی ایک ماہ میں تفصیلی رپورٹ پیش کرے گی۔ آج ہونے والی سماعت میں ڈسکوز کے سی ای اوز نے بے ضابطگیوں پروضاحت کی ہے۔
متعلقہ افسران اور اہلکاروں کے خلاف کارروائی پہلےہی شروع کر دی گئی ہے۔ نیپرا حکام کا کہنا تھا کہ نیپرا نے سی ای اوز کو بلنگ کے مسائل ختم کرنے اور صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ رپورٹ کی بنیاد پر اتھارٹی ان ڈسکوز کے خلاف قانونی کارروائی کرے گی۔ نیپرا کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ڈسکوز کی بلنگ میں جو بے ضابطگیاں پائی گئی ہیں اس کا سخت نوٹس لیا گیا ہے۔
ڈسکوز کی کارکردگی کو جانچنے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ نیپرا اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ڈسکوز میں حالیہ بلوں میں تضاد و دیگر مسائل کی روشنی میں کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ اتھارٹی نے صارفین کیلئے بلنگ میں بے ضابطگیوں پر اظہار برہمی کرتے ہوئے تمام ڈسکوز کو ہنگامی بنیادوں پر صارفین کو ریلیف دینے کی ہدایت کردی۔ سرکاری تقسیم کار کمپنیوں کے سی ای اوز اتھارٹی کو مطمئن نہ کر سکے، نیپرا نے ڈسکوز کی کارکردگی کو جانچنے کے لیے ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔
ادھر کےالیکٹرک کی بجلی 10 روپے 32 پیسے مہنگی کرنے کی حکومتی درخواست پر سماعت کے دوران نیپرا کے سامنے شکایتوں کا ڈھیر لگ گیا۔ کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور جماعت اسلامی نے بھی بجلی کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کردیا۔ سماعت کے بعد نیپرا نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔ حافظ نعیم الرحمان نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر بجلی مزید مہنگی کی گئی تو ہنگامے شروع ہو سکتے ہیں۔
نیپرا نے وفاقی حکومت کی درخواست پر 3 مختلف سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے ذریعے کراچی کے شہریوں کیلئے فی یونٹ بجلی 10روپے 32پیسے مہنگی کرنے سے متعلق وفاقی حکومت کی درخواست پر سماعت کی۔ عوامی سماعت میں کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ ا نڈسٹری کے نمائندے تنویر باری نے کہا بجلی مزید مہنگی کرنے کی حکومتی درخواست کو مسترد کرتے ہیں۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ لوگ بل ادا نہیں کر سکیں گے، افراتفری پھیلے گی۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ بجلی چوری میں کےالیکڑک اور اس کے لوگ ملوث ہیں، لوگ میٹر لگوانا چاہتے تھے کےالیکڑک والے لگانے کو تیار نہیں، کے الیکڑک کے خلاف ایف آئی آر کٹوانے جا رہے ہیں۔