اترپردیش : ٹرین میں خاتون کانسٹیبل خون میں لت پت پائی گئی

ٹرینوں میں ہندوتوا کے غنڈوں کی طرف سے خواتین کی آبروریزی کے واقعات میں کئی گنا اضافہ ہوگیا

لکھنو (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارتی ریاست اتر پردیش میں ایک ٹرین میں خاتون پولیس کانسٹیبل بے ہوشی کی حالت میں خون میں لت پت پائی گئی ہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق خاتون کانسٹیبل ریاست کے ایودھیا اسٹیشن پر سریو ایکسپریس کے ایک ریل کے ڈبے میں بے ہوشی کی حالت خون میں لت پت پائی گئی ۔کانسٹیبل کے چہرے پر تیز دھارآلے سے حملہ کیا گیا تھا اور اس کی کھوپڑی میں مزیددو فریکچر بھی تھے۔

پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ خاتون کانسٹیبل کو لکھنو کے کے جی ایم سی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں اب اس کی حالت بہتر ہے ۔ کانسٹیبل کے بھائی کی طرف سے درج کرائی گئی ایف آئی آر میں ایک سرکاری ملازم کو اپنی ڈیوٹی سے روکنے اوراقدام قتل کی دفعات شامل ہیں۔ادھرالہ آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس پریتنکر دیواکر اور جسٹس آشوتوش سریواستو پر مشتمل دو رکنی بنچ نے اس سلسلے میں گورنمنٹ ریلوے پولیس کو 13 ستمبر تک اپنی تحقیقات پر پیش رفت رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔واضح رہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے مرکز کے ساتھ ساتھ یوپی میں بھی اقتدار میں آنے کے بعد ٹرینوں میں ہندوتوا کے غنڈوں کی طرف سے خواتین کی آبروریزی کے واقعات میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔