اماراتی خلا باز سلطان النیادی کی واپسی خراب موسم کے باعث تاخیر کا شکار

ابوظہبی : (انٹرنیشنل ویب ڈیسک ) اماراتی خلا باز سلطان النیادی کی موسمی حالات کی وجہ سے بین الاقوامی خلائی سٹیشن سے واپسی تاخیر کا شکار ہو گئی ہے، اب واپسی 4 ستمبر کو متوقع ہے ۔

سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں محمد بن راشد خلائی مرکز نے کہا کہ اماراتی خلا باز سلطان النیادی کی بین الاقوامی خلائی سٹیشن سے واپسی موسمی حالات کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوئی ہے۔

ناسا اور سپیس ایکس کمپنی نے کہا کہ 3 ستمبر سے قبل بین الاقوامی خلائی سٹیشن سے خلائی شٹل کی علیحدگی ممکن نہیں ہے، چار ستمبر کو واپسی کا امکان ہے۔

اس سے قبل بتایا گیا تھا کہ اماراتی خلا بازہفتے کی شام 5 بجکر 5منٹ پر زمین کےلیے واپسی کا سفر شروع کریں گے، اب وہ اتوار کو3بجکر 3منٹ پر خلائی سٹیشن سے روانہ ہوں گے اور پیر کی صبح ا8بجکر 7 منٹ پر زمین پر واپس پہنچیں گے۔

یاد رہے کہ سلطان النیادی طویل مدتی خلائی مشن پر جانے والے پہلے عرب خلا باز ہیں، وہ بین الاقوامی خلاف سٹیشن پر 6 ماہ گزارنے کے بعد واپسی کا سفر کریں گے ، وہ کینڈی سپیس سٹیشن سے 2 مارچ کو بین الاقوامی خلائی سٹیشن کےلیے روانہ ہوئے تھے۔

انہوں نے خلا میں 200 سے زیادہ تجربات کیے ہیں ، اماراتی خلا باز کی واپسی کا سفر ناسا کی ویب سائٹ اور محمد بن راشد سپیس سینٹر کی ویب سائٹ پر براہ راست نشرکیا جائے گا۔