گبون : (انٹرنیشنل ویب ڈیسک ) افریقی ملک گبون میں فوج نے اقتدار پر قبضہ کرکے تمام ریاستی اداروں کو تحلیل کردیا۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق فوج کی سینئر قیادت نے سرکاری ٹیلی ویژن پرقوم سے خطاب میں کہا کہ فوج نے تمام اختیارات حاصل کرلیے ہیں اور الیکشن کو معطل کردیا ہے۔
گبون کی عسکری قیادت کاکہنا تھا کہ حالیہ انتخابات قابل بھروسہ نہیں تھے، اس لیے انہیں معطل کردیا گیا ہے جب کہ تمام ریاستی اداروں کو تحلیل کرکے ملکی سرحدوں کو بھی بند کردیا گیا ہے۔
عسکری قیادت نے کہا کہ وہ ملک کی تمام سکیورٹی اور دفاع فورسز کے نمائندے ہیں جبکہ گبون کے لوگوں کے نام پیغام ہے کہ ہم نے فیصلہ کیا ہےکہ اس حکومت کا خاتمہ کرکے امن کا دفاع کریں گے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ گبون کے سرکاری ٹی وی نے حال ہی میں ملک میں ہونے والے متنازع الیکشن میں علی بونگو کی تیسری مرتبہ کامیابی کا اعلان کیا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گبون کی اپوزیشن نے ملک میں ہونے والے الیکشن کو فراڈ قرار دیا تھا۔