یمن: حکومتی فورسز اور حوثی باغیوں کی جھڑپ میں 23 افراد ہلاک، متعدد زخمی

صنعا: (انٹرنیشنل ڈیسک) یمنی فورسز اور حوثی باغیوں کے درمیان جھڑپوں میں 23 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حوثی جنگجوؤں نے لحج کے یافائی علاقے میں یمنی فوجیوں پر اچانک حملہ کیا جس کے بعد دونوں فورسز کے درمیان لڑائی شروع ہوئی۔

لڑائی کے نتیجے میں 15 حوثی باغی اور 8 حکومت نواز فوجی ہلاک جبکہ دس افراد زخمی ہوئے ہیں، حوثی گروپ کی جانب سے جھڑپ پر تاحال کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ یمن 2014 سے تباہ کن خانہ جنگی کی لپیٹ میں ہے، حکومت اور حوثی باغیوں کے درمیان اقوام متحدہ کے تعاون سے مذاکرات کے کئی دور ہوئے لیکن برسوں سے جاری تنازعے کا حل ممکن نہیں بنایا جاسکا۔