ڈالر کے بعد برطانوی پاونڈ مہنگا ہونے کے بھی تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے

ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ برطانوی پاونڈ کی قیمت 400 روپے کی سطح سے بھی اوپر چلی گئی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) برطانوی پاونڈ کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ڈالر کے بعد برطانوی پاونڈ مہنگا ہونے کے بھی تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں۔ پیر کے روز ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ برطانوی پاونڈ کی قیمت 400 روپے کی سطح سے بھی اوپر چلی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نئے کاروباری ہفتے کے آغاز پر پیر کا دن بھی پاکستانی روپے کیلئے بہت برا ثابت ہوا۔
کاروباری ہفتے کے پہلے روز انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں ایک روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد انٹربینک میں ڈالر 302 روپے کی سطح پر بند ہوا ہے۔ اںٹربینک کے ساتھ ساتھ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی اڑان کا سلسلہ برقرار ہے، پیر کے روز اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی کی قدر میں 3 روپے اضافہ ہوا ہے جس کے بعد اوپن مارکیٹ میں ڈالر 319 روپے کا ہو گیا۔
خیال رہے کہ انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں گزشتہ ہفتے 5 روپے 22 پیسے کا اضافہ ہوا جبکہ نگران حکومت کے دور میں ڈالر کی قیمت میں 13 روپے 26 پیسے کا اضافہ ہو چکا ہے۔ ڈالر کے علاوہ دیگر غیر ملکی کرنسیوں کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ یورو کی قیمت 343 روپے، جبکہ سعودی ریال، اماراتی درہم اور دیگر کرنسیاں بھی مزید مہنگی ہو گئیں۔ دوسری جانب پیر کے روز اسٹاک مارکیٹ بھی مزید مندی کا شکار رہی۔
کاروباری ہفتے کے پہلے روز 100 انڈیکس 192 پوائنٹس کی کمی کیساتھ 47 ہزار 478 پر بند ہوا ہے، کاروباری دن میں 100 انڈیکس 334 پوائنٹس کے بینڈ میں رہا۔ بازارمیں 18 کروڑ 44 لاکھ شیئرز کے سودے ہوئے، شیئرز بازار کے کاروبار کی مالیت 6 ارب 46 کروڑ روپے رہی، مارکیٹ کیپٹلائزیشن 31 ارب روپے کم ہوکر 7 ہزار 60 ارب روپے ہے۔