سندھ کی نگران حکومت نے نئی تعمیرات پر پابندی عائد کردی

کراچی: (نیوز ڈیسک) سندھ کے نگران وزیر برائے بلدیات مبین جمانی کی ہدایت پر محکمہ بلدیات نے نئی تعمیرات پر فوری پابندی عائد کردی ہے۔

محکمہ بلدیات کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تمام قسم کی عمارتوں، گھروں اور کمرشل پلازوں کے نقشوں، ہر قسم کے بلڈنگ پلان، لے آؤٹ پلان اور پلاٹوں کے انضمام پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

پابندی کا اطلاق سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور تمام ڈیولپمنٹ اتھارٹیز پر ہوگا، کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی، ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور لیاری ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو اس سلسلے میں ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

محکمہ بلدیات کے مطابق تعمیرات اور نقشوں اور لے آؤٹ پلان کی منظوری پر پابندی تاحکم ثانی برقرار رہے گی، پابندی کا اطلاق حیدرآباد ڈیولپمنٹ اتھارٹی، سہون ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور ٹاؤن پلاننگ ڈپارٹمنٹ پر بھی ہوگا۔