اسلام آباد: (کامرس ڈیسک) غریبوں کیلئے سائیکل خریدنا بھی خواب بن گیا، گزشتہ 15 ماہ کے دوران سائیکلوں کے نرخوں میں سو فیصد تک اضافہ ہو گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق موٹرسائیکلوں کی قیمتوں میں اضافے کے بعد سائیکلوں کے نرخ بھی آسمان سے باتیں کرنے لگے ہیں، گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران سائیکلوں کی قیمتوں میں 100 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
9 ہزار میں ملنے والی مقامی سائیکل کی قیمت 19ہزار روپے تک پہنچ چکی ہے، 10ہزار میں ملنے والی درآمد شدہ سائیکل کی قیمت 22 ہزار روپے اور 18 ہزار کی سائیکل کی قیمت 35 ہزار روپے تک پہنچ گئی ہے۔
خراب معاشی صورتحال کے باعث مقامی طور پر سائیکلیں بنانے والے معروف برانڈز کی تین بڑی فیکٹریاں بند ہو چکی ہیں جس کے باعث اب زیادہ انحصار درآمدی سائیکلوں پر ہے۔
ڈالر کی قیمت میں بے تحاشا اضافے کی وجہ سے درآمدی سائیکلوں کی قیمتوں میں ناقابل برداشت حد تک اضافہ ہوگیا ہے جبکہ رہی سہی کسر سائیکلوں کی درآمد پر عائد کیے جانے والے 17 فیصد سیلز ٹیکس نے پوری کر دی ہے۔