اسلام آباد: (نیوز ویب ڈیسک) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ قرض کا نیا معاہدہ طے پانے کے بعد پاکستان کو ملنے والے بیرونی فنڈز میں نمایاں تیزی آگئی۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق صرف جولائی کے مہینے میں بیرون ممالک سے 2 ارب 89 کروڑ ڈالر کا قرضہ اور امداد ملی جو پچھلے سال کی اسی مدت کے مقابلے 2 ارب 70 کروڑ ڈالر زیادہ ہے۔
اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق جولائی میں 2 ارب 87 کروڑ 61 لاکھ ڈالر کا بیرونی قرض حاصل ہوا، اس دوران بیرونی گرانٹ کی مد میں ایک کروڑ 44 لاکھ 20 ہزار ڈالر کی امداد ملی۔
رپورٹ کے مطابق سعودی عرب نے 2 ارب ڈالر کے ڈیپازٹس جمع کروائے، سعودی عرب سے تیل کی سہولت کی مد میں 10 کروڑ ڈالر ملے جبکہ پاکستان کو مختلف عالمی اداروں سے 19 کروڑ 36 لاکھ ڈالر حاصل ہوئے۔
مختلف ممالک کی جانب سے مجموعی طور پر 11 کروڑ 38 لاکھ ڈالر سے زائد قرضہ ملا، آئی ایم ایف نے 1.2 ارب ڈالر، یو اے ای نے 1 ارب ڈالر فراہم کیے۔
آئی ایم ایف پروگرام بحال ہونے کے بعد پاکستان کو اب تک 5 ارب ڈالر سے زائد مل چکے ہیں، جس میں بجٹ سپورٹ کی مد میں ملنے والے 2.9 ارب ڈالر بھی شامل ہیں۔
اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق رواں مالی سال پاکستان میں 17 ارب 61 کروڑ ڈالر سے زائد کا بیرونی قرضہ و امداد ملنے کا امکان ہے۔