واشنگٹن کی ڈنمارک اور نیدرلینڈز حکام کو یقین دہانی ،پائلٹ کی تربیت کے بعد امریکا یوکرین کو ایف 16طیاروں کی فراہمی کے تھرڈ پارٹی عمل کو تیز کریگا،احکام
واشنگٹن(انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا نے روسی جارحیت کے خلاف دفاع کیلئے یوکرین کو ایف 16طیارے فراہم کرنے کی منظوری دے دی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی حکام نے کہاکہ امریکا نے یوکرین کو اپنے دفاع کیلئے جنگی طیارے ایف 16کی منظوری دے دی ہے جو پائلٹس کی ٹریننگ مکمل ہونے کے بعد یوکرین کو ڈنمارک اور نیدر لینڈز سے دئیے جائیں گے۔
حکام نے کہاکہ واشنگٹن نے ڈنمارک اور نیدرلینڈز کے حکام کو یقین دہانی کرائی ہے کہ پائلٹ کی تربیت کے بعد امریکا یوکرین کو ایف 16طیاروں کی فراہمی کے تھرڈ پارٹی عمل کو تیز کرے گا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق 11ممالک کے اتحاد نے رواں ماہ ڈنمارک میں یوکرین کے پائلٹس کو ایف 16طیارے اڑانے کی تربیت دینا ہے۔ڈنمارک کے قائم مقام وزیر دفاع نے امید ظاہر کی کہ پائلٹس کی تربیت 2024میں مکمل ہوجائے گی جس کے بعد وہ روس سے لڑنے کیلئے تیار ہوجائیں گے۔