امریکی ریاست ہوائی کے جنگلات میں لگی آگ سے ہلاکتوں کی تعداد 110 ہو گئی

نیویارک: (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا کی مغربی ریاست ہوائی کے جنگلات میں لگنے والی صدی کی بدترین آگ کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 110 ہو گئی ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق ریسکیو آپریشن کے دوران ملنے والی لاشوں میں سے بیشتر جل کر راکھ ہوچکی ہیں جس کی وجہ سے ان کی شناخت میں مشکل پیش آ رہی ہے۔

اس کے علاوہ 3 ہزار کے لگ بھگ عمارتیں اور اڑھائی ہزار ایکڑ اراضی پر سب کچھ جل کر راکھ کا ڈھیر بن گیا ہے، ریاست کے گورنر نے مزید ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے سماجی رابطے کی ویب ٹوئٹر (ایکس) پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ میں ہوائی کے لوگوں کو اس آفت سے نکالنے کیلئے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہوں۔