ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں 20 سے 30 فیصد اضافہ کر دیا،لاہور سے اسلام آباد کا کرایہ 1800 سے بڑھا کر 2300 روپے کر دیا گیا
لاہور (نیوز ڈیسک) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد کرائے بھی بڑھ گئے۔ تفصیلات کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد دیگر چیزوں کے نرخ بھی بڑھنے لگے۔ ڈیزل کی قیمت میں 20 روپے بڑھنے کے بعد ٹرانسپورٹرز بھی پیچھے نہ رہے اور کرایوں میں اضافہ کر دیا۔ ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں 20 سے 30 فیصد من مانا اضافہ کیا۔
لاہور سے اسلام آباد کا کرایہ 1800 سے بڑھا کر 2300 روپے کر دیا گیا،جبکہ لاہور سے مانسہرہ کا کرایہ 2400 سے بڑھ کر 2800 روپے ہو گیا۔ مظفر آباد کا کرایہ 2500 سے بڑھا کر 2900 روپے،جبکہ ڈیرہ اسماعیل کا کرایہ 300 روپے اضافے بعد 2500 روپے ہو گیا۔ اس کے علاوہ کوئٹہ کا کرایہ 4500 سے بڑھا کر 5000 روپے کر دیا گیا۔ فیصل آباد کا کرایہ 650 سے 800 روپے اور مردان کا کرایہ 1800 سے بڑھ کر 2100 روپے ہو گیا۔
اسی طرح کراچی کا کرایہ 4800 سے بڑھا کر 5200 روپے کر دیا گیا۔ تمام انٹر سٹی ٹرانسپورٹ کمپنیوں نے نئے کرائے نامے آویزاں کر دئیے۔ ٹرانسپوٹرز کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے بعد کرایوں میں اضافہ ناگزیر ہے تاہم محکمہ ٹرانسپورٹ نے کرایوں میں اضافہ روکنے کیلئے کوئی اجلاس نہ کیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا۔
پٹرول کی قیمت 17 روپے 50 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت 20 روپے بڑھا گئی۔ پٹرول کی قیمت 290 روپے 45 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت 293 روپے 40 پیسے ہو گئی۔لائٹ اسپیڈ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی پرانی قیمتوں کو برقرار رکھا گیا۔ وزارت خزانہ کی جانب سے اعلان کردہ نئی قیمتیں 31 اگست تک برقرار رہیں گی۔ عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔