لیبیا: متحارب ملیشیاؤں میں جھڑپیں جاری ، 55 افراد ہلاک

طرابلس: (انٹرنیشنل ویب ڈیسک) لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں متحارب ملیشیاؤں کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں دوروز میں 55 افراد ہلاک اور کم سے کم ڈیڑھ سو زخمی ہوگئے ہیں ۔

طرابلس کے ایمرجنسی میڈیسن اور سپورٹ سنٹر کے ترجمان نے بتایا کہ دارالحکومت میں ہونے والی جھڑپوں میں 55 افراد ہلاک اور 146 زخمی ہوئے ہیں لیکن ترجمان نے مزید تفصیل نہیں بتائی کہ ان میں کتنے عام شہری ہیں۔

لیبیا کی ہلال احمر سوسائٹی نے تمام متحارب فریقوں سے پرامن ہونے اور کشیدگی کو کم کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ان کی ٹیم کام کرسکے اور پھنسے ہوئے شہریوں کو مدد مہیا کی جاسکے، اس نے کہا کہ ہمیں جھڑپوں کے علاقوں میں پھنسے خاندانوں کی جانب سے بہت سی کالیں اور پیغامات موصول ہوئے ہیں، جہاں وہ ہم سے باہر نکلنے کے لیے محفوظ راستہ دینے کی اپیل کررہے ہیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق پیر کی شام 444 بریگیڈ اور اسپیشل ڈیٹرنس فورس کے درمیان لڑائی شروع ہوگئی، 444 بریگیڈ کے سربراہ کو پیر کی صبح طرابلس کے ایک ہوائی اڈے پر دوسری فورسز نے مبیّنہ طور پر حراست میں لے لیا تھا۔

لیبیا کی وزارت صحت نے ایک بیان میں متحارب فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ ایمبولینسوں اور ہنگامی ٹیموں کو متاثرہ علاقوں میں داخل ہونے کی اجازت دیں اور اس نے قریبی اسپتالوں میں خون کے عطیات کی اپیل کی ہے۔