انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی بلند پرواز، تقریبا 4 روپے کا اضافہ ہو گیا

انٹربینک میں 3 روپے 49 پیسے کے اضافے کے بعد ڈالر 295 روپے پر ٹریڈ کرنے لگا،اوپن مارکیٹ میں ڈالر 4 روپے مہنگا ہونے کے بعد 304 روپے میں فروخت ہونے لگا

کراچی (نیوز ڈیسک) حکومت کی رخصتی کے بعد بھی روپے کی بے قدری کم نہ ہوسکی اور ڈالر کے ریٹ مزید بڑھ گئے۔انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں اضافہ ہو گیا۔بتایا گیا ہے کہ کاروباری ہفتے کے تیسرے دن انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالرمزیدمہنگا ہو گیا ۔انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 3 روپے 49 پیسے کا اضافہ ہو گیا۔
فاریکس ڈیلرز کے مطابق انٹربینک میں ڈالر 295 روپے پر ٹریڈ کر رہا ہے۔اوپن مارکیٹ میں ڈالر 4 روپے مہنگا ہونے کے بعد 304 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ جولائی سے لے کر اب تک اوپن مارکیٹ میں ڈالر 24 روپے مہنگا ہو چکا ہے۔گذشتہ روز اوپن مارکیٹ میں ڈالر نے روپے کے مقابلے میں300 روپے ہو گئی تھی۔ہفتے کے پہلے روز یوم آزادی کی تعطیل کے باعث منگل کے دن کاروبار کا آغاز ہوا تو انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر محض 21 پیسے اضافے سے 288 روپے 28 پیسے کی سطح پر آئی، تاہم بعد میں مسلسل اضافے کا رجحان شروع ہوگیا۔
قیمت بتدریج بڑھتی رہی اور اچانک ڈالر کی قدر میں 2 روپے 86 پیسے اور پھر بعد میں مجموعی طور پر 3 روپے 01 پیسے کا اضافہ ہوگیا، جس کے بعد روپے کے مقابلے میں ڈالر 291 روپے 50 پیسے کی سطح پر بند ہوا۔ دریں اثنا اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں یکدم 4 روپے کا بڑا اضافہ ہوگیا، جس سے اوپن مارکیٹ میں ڈالر 300 روپے کا ہوگیا۔دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا آغاز 25 پیسے کی مندی کے ساتھ ہوا، جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس گھٹ کر 48398 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا، تاہم بعد میں مارکیٹ میں تیزی کا رجحان رہا اور 174 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ 100 انڈیکس بڑھ کر 48598 پوائنٹس کی سطح پر آ چکا ہے۔