چینی مہنگی ہونے کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے

کئی شہروں میں چینی کی قیمت 160 روپے سے بھی اوپر چلی گئی، چینی کا تھیلا 600 روپے سے زائد مہنگا ہو گیا

اسلام آباد (کامرس ڈیسک) چینی مہنگی ہونے کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے، کئی شہروں میں چینی کی قیمت 160 روپے سے بھی اوپر چلی گئی، چینی کا تھیلا 600 روپے سے زائد مہنگا ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے کئی شہروں میں چینی مزید مہنگی ہوگئی ہے، فی کلو چینی 160 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔ ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی فی کلو قیمت میں 13 روپے اضافہ کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد ہول سیل میں فی کلو کی قیمت 146 فی کلو ہو گئی ہے۔
جبکہ پرچون میں چینی 160 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے۔چینی کے 50 کلو کے تھیلے میں 4 روز کے دوران 650 روپے کا اضافہ ہوا۔ ڈیلرز نے چینی کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ واضح رہے کہ اسحاق ڈار کی جانب سے چینی کی ایکسپورٹ کی اجازت دینے کے بعد سے ناصرف عوام کی جیبوں پر اربوں روپے کا اضافی بوجھ پڑنے کا انکشاف ہوا ہے، بلکہ اس ایک فیصلے کی وجہ سے زرمبادلہ ذخائر کے ضیاع کا بھی انکشاف ہوا ہے۔
اس حوالے سے ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے چینی ایکسپورٹ کی اجازت دیے جانے کے بعد سے 10 ماہ کے دوران چینی کی قیمت میں تقریباً 60 فیصد تک اضافہ ہو چکا۔ یعنی 10 ماہ میں چینی کی اوسط فی کلو قیمت میں 52 روپے اضافہ ہو چکا جس کے بعد اس وقت فی کلو چینی کی اوسط قیمت 140 روپے ہے۔ جبکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس وقت ملک کے کئی شہروں میں چینی کی قیمت 170 روپے تک بھی پہنچ چکی۔
ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق شوگر ملز نے صرف 9 ماہ کے دوران چینی کی فروخت سے 235 ارب روپے حاصل کیے، جبکہ شوگر ملوں کو 14 ارب روپے کا خالص منافع بھی ہوا۔ بتایا گیا ہے کہ موجودہ حکومت کی جانب سے رواں سال جنوری میں چینی کی ایکسپورٹ کی اجازت دیے جانے کے بعد جون تک ڈھائی لاکھ ٹن چینی ایکسپورٹ کی گئی جس کے بعد مقامی مارکیٹ میں چینی کی قلت پیدا ہوگئی۔
اس صورتحال میں حکومت نے مقامی تاجروں کو چینی امپورٹ کرنے کی اجازت دے دی، جس سے زرمبادلہ کے ذخائر پر اثر پڑا۔ ادارہ شماریات کے مطابق رواں مالی سال کے دوران تاجروں نے 6105 ٹن چینی امپورٹ کی جس پر 56 لاکھ ڈالرز زرمبادلہ خرچ ہوا۔ یوں حکومتی نااہلی کی وجہ سے زرمبادلہ ذخائر پر ایک ایسے وقت میں اضافی دباو آیا، جب پاکستان ڈالرز کی شدید ترین قلت کا شکار ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے چینی ایکسپورٹ کرنے کی اجازت دینے سے مقامی قیمتوں پر اثر پڑا اور چینی کی قیمت جو گزشتہ سال اکتوبر میں 88 روپے فی کلو تھی، وہ بڑھتے ہوئے اب اوسط 140 روپے ہو چکی ہے۔