کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی نے نادہندگان کی تفصیلات جاری کر دیں

کوئٹہ: (نیوز ڈیسک) کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) نے نادہندگان کی تفصیلات جاری کر دیں جن میں گھریلو صارفین کے ساتھ وفاقی وصوبائی سرکاری محکمے بھی شامل ہیں۔

ترجمان کیسکو کے مطابق ماہ جولائی میں صوبائی حکومت اور اس کے ذیلی محکموں کے ذمہ 990 ملین روپے کی بلنگ ہوئی، صوبائی حکومت نے صرف 191 ملین روپے کی ادائیگی کی ہے، صوبائی حکومت کے ذمہ بجلی کے بلوں کی مد میں 33 ارب روپے کے بقایا جات ابھی بھی واجب الادا ہیں۔

صوبے میں وفاقی حکومت اور اس کے ذیلی محکموں کے ذمہ ماہ جولائی میں 546 ملین روپے کی بلنگ ہوئی، 411 ملین روپے کی ادائیگی وفاقی حکومت نے کی ہے جبکہ ایک ارب 92 کروڑ روپے واجب الادا ہیں، ادائیگی نہ ہونے کی وجہ سے 68 ملین روپے ماہ جولائی میں سر چارج لگ چکے ہیں۔

ترجمان کے مطابق زرعی صارفین کو ماہ جولائی میں تقریباً 8 ارب روپے کی بلنگ ہوئی، صوبہ کے زمینداروں نے صرف 9 کروڑ 27 لاکھ روپے جمع کروائے ہیں، زرعی صارفین کے ذمہ 419 ارب روپے کے بقایا جات ہیں، زرعی سبسڈی کی مد میں حکومت بلوچستان نے 46 ارب روپے، وفاقی حکومت نے زرعی سبسڈی کی مد میں 21 ارب روپے ادا کرنے ہیں۔

زرعی سیکٹر کے ذمہ ماہ جولائی تک کے مجموعی بقایا جات 488 ارب روپے تک پہنچ چکے ہیں، گھریلو، تجارتی اور صنعتی صارفین کے ذمہ 30 ارب 70 کروڑ روپے کے بقایا جات واجب الادا ہیں، بقایا جات جمع نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ نادہندگان صارفین اور محکموں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔