واشنگٹن : (انٹرنیشنل ویب ڈیسک ) امریکا کے سابق صدر ڈونلد ٹرمپ نے خود پر عائد ہونیوالے الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے خود کو بے قصور قرار دیدیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ واشنگٹن ڈی سی کی عدالت میں پیش ہوئے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق جج نے 6 جنوری کے کیپٹل ہل پر پیش آئے واقعات سے متعلق چاروں الزامات پڑھ کر سنائے اور اگلی سماعت 28 اگست کو مقرر کردی ۔ امریکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف کیس صدارتی مباحثے کے پانچ روز بعد سنا جائے گا۔
سابق صدر پر الزام ہے کہ انہوں نے 2020 کے الیکشن نتائج آنے کے بعد غیرقانونی طور پر عہدے پر برقرار رہنے کی کوشش کی تھی۔ قبل ازیں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر کیپٹل ہل کیس میں فرد جرم عائد کردی گئی تھی، ڈونلڈ ٹرمپ پر تیسری بار فرد جرم عائد کی گئی۔
اس کے علاوہ ڈونلڈ ٹرمپ پر امریکا کو دھوکا دینے کی سازش کا بھی الزام ہے جبکہ ان پر حقوق پامال کرنے کی سازش کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے۔ امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اگر ڈونلڈ ٹرمپ پر الزامات ثابت ہوئے تو انہیں 55 برس قید کی سزا ہوسکتی ہے۔