چین امریکی دفاعی معلومات کو اپنے فائدے کے لیے استعمال کر سکتا ہے،محکمہ انصاف
واشنگٹن(انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی بحریہ کے 2 اہلکاروں کو چین سے تعلق اور قومی سلامتی سے متعلق الزامات پر گرفتار کرلیا گیا۔امریکی میڈیا کے مطابق سین ڈیاگو میں بحری جہاز پر تعینات امریکی اہلکار جنچاو وی پر قومی دفاعی معلومات چینی حکام کو دینے کا الزام ہے۔
امریکی میڈیا کا کہناتھا کہ دوسرے اہلکار وینہینگ ژا کو لاس اینجلس سے زیر حراست میں لیا گیا جس پر سازش اور چینی عہدیدار سے رشوت وصولی کا الزام ہے۔
محکمہ انصاف کے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل برائے قومی سلامتی میٹ اولسن نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ چین امریکی دفاعی معلومات کو اپنے فائدے کے لیے استعمال کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں امریکی اہلکاروں نے جہازوں کی تصاویر، اہلکاروں کی تربیت اور ہتھیاروں کے نظام سے متعلق حساس معلومات شیئر کی ہیں۔