پی آئی اے سمیت نجی ایئرلائنز کے کرایوں میں اچانک بھاری اضافہ

اسلام آباد سے کراچی اور لاہورسے کراچی کا یک طرفہ کرایہ تقریباً تمام ایئرلائنز بشمول پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز نے 68 ہزار روپے تک بڑھا دیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پی آئی اے سمیت نجی ایئرلائنز کے کرایوں میں اچانک بھاری اضافہ کر دیا گیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق اسلام آباد سے کراچی اور لاہورسے کراچی کا یک طرفہ کرایہ تقریباً تمام ایئرلائنز بشمول پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز نے 70 ہزار روپے تک بڑھا دیا گیا۔ ٹریول ایجنسیوں نے ایئر لائنز کے کرایوں میں اس اضافے کو اسلام آباد اور لاہور سے شمالی علاقوں کی جانب جانے والے سیاحوں کی آمد اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ قرار دیا ہے۔
پی آئی اے اور نجی ائیرلائنز ائیر بلیو، سرین اور ائیر سیال نے ایجنٹس کو نیا کرایہ نامہ جاری کردیا گیا ہے۔ لاہور اورکراچی کا یکطرفہ کرایہ 35 سے 70 ہزار روپے کردیا گیا۔
اچانک کرایوں میں اضافے سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ مسافروں نے مسابقتی کمیشن سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ ائیر لائن حکام کا کہنا ہے کہ اضافی رش کی وجہ سے ڈیمانڈ اینڈ سپلائی میں فرق بھی کرایوں میں اضافہ کا سبب ہے۔

گرمیوں کی چھٹیاں ختم ہونے کیوجہ سے رش بڑھا ہے ۔ رش معمول پر اتے ہی کرایوں میں کچھ کمی متوقع ہے۔ ٹریول ایجنٹس کی جانب سے شیئر کیے جانے والے بکنگ ایپس کے اسکرین شاٹس سے معلوم ہوا ہے ایئر سیال کے یک طرفہ ٹکٹ کی قیمت 70 ہزار روپے تک ہے، جبکہ فلائے اسلام آباد سے کراچی کا ٹکٹ 64,945 روپے میں فروخت کر رہی ہے۔ اسی حوالے سے کراچی میں مقیم ایک ٹریول ایجنٹ نے بتایا کہ کرایوں میں تقریباً 17 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
کراچی سے اسلام آباد اور لاہور یک طرفہ پروازوں کے کرائے کم از کم 35 ہزار روپے تک پہنچ گئے ہیں۔ ادھر پیٹرولیم کی قیمتوں میں 20روپے اضافے کے بعد لاہور کے ٹرانسپورٹرز نے بھی کرایوں میں اضافہ کردیا،کرایوں میں 15 سے 20 فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے ۔ اضافے کے بعد لاہور سے دوسرے شہروں کا کرایہ 200 سے 800 روپے تک بڑھا دیا گیا ہے۔ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ 20روپے فی لیٹر اضافہ ظلم ہے ، ٹرانسپورٹ کے اخراجات پورا کرنا مشکل ہوگیا ہے ۔ پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے سے ٹرانسپورٹ کا شعبہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے ۔