پاکستان خطے کا مہنگا ترین ملک بن گیا

دیوالیہ ہو جانے والا سری لنکا بھی پاکستان سے سستا ملک قرار، اگلے کئی سالوں تک پاکستان میں مہنگائی کی شرح خطے کے تمام ممالک سے زیادہ رہنے کی پیشن گوئی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان خطے کا مہنگا ترین ملک بن گیا، دیوالیہ ہو جانے والا سری لنکا بھی پاکستان سے سستا ملک قرار۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں مہنگائی کی صورتحال سے متعلق تشویش ناک رپورٹ سامنے آئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں مہنگائی کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے سامنے آنے والے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ پاکستان خطے کا مہنگا ترین ملک بن چکا۔
بتایا گیا ہے کہ خطے کا واحد دوالیہ ہو جانے والا ملک سری لنکا بھی پاکستان سے سستا ہے، پاکستان میں مہنگائی کی شرح سری لنکا سے بھی زائد ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ سری لنکا میں 2023 کے دوران مہنگائی کی شرح 28 اعشاریہ 5 رہی، جبکہ پاکستان میں مہنگائی کی سالانہ شرح 29 فیصد سے زائد رہی۔
جبکہ آئی ایم ایف رپورٹ کے مطابق آنے والے سالوں میں سری لنکا میں مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی ہو گی، جبکہ پاکستان اگلے کئی سالوں تک خطے کا مہنگا ترین ملک رہے گا۔

آئی ایم ایف کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں مہنگائی 2024 میں کم ہوکر21 اعشاریہ 9 اور2025 میں مزید کم ہوکر 10 اعشاریہ 5 تک آنے کی توقع ہے، 2026 سے 2028 تک مہنگائی بالآخر 6 اعشاریہ 5 فیصد کے سنگل ڈیجٹ تک آجائے گی تاہم خطے کے ممالک کے مقابلے میں یہ بلند شرح ہوگی۔ جبکہ سری لنکا میں مہنگائی 2024 میں نمایاں کمی کے بعد 8 اعشاریہ 7 فیصد ، 2025 میں 5 اعشاریہ 6 فیصد، 2026 میں 5 اعشاریہ 2 فیصد، 2027 میں 5 اعشاریہ 1 فیصد اور 2028 میں 5 فیصد رہنے کی پیش گوئی ہے۔
یہاں واضح رہے کہ نئے مالی سال پہلا مہینہ بھی مہنگا ترین ثابت ہوا۔ ادارہ شماریات نے ماہانہ مہنگائی کے اعداد و شمار جاری کر دئیے مہنگائی کی مجموعی شرح 28.31 فیصد تک پہنچ گئی۔ اعداد و شمار کے مطابق شہری علاقوں میں مہنگائی کی شرح میں 3.57 فیصد، دیہی علاقوں میں مہنگائی کی شرح میں 3.30 فیصد کا اضافہ ہوا۔ ادارہ شماریات کے مطابق ایک سال میں سگریٹ کی قیمت میں 123.46 فیصد آٹے کی قیمت میں 102.43 فیصد کا اضافہ ہوا، چائے 97.26، چاول 68.87 اور گندم 66.58 فیصد مہنگی ہوئی۔ ایک سال میں آلو 60.66 فیصد، مرغی 58.13 فیصد اور چینی 56.45 فیصد مہنگی ہوئی، گوشت، دالیں، تازہ دودھ، تازہ سبزیاں، کوکنگ آئل اور بیسن بھی مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔