ایک ہفتے میں 30 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہونے سے ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 29 عشاریہ 16 فیصد ہو گئی
اسلام آباد (کامرس ڈیسک) مہنگائی کی اونچی اڑان تاحال جاری، ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 29 فیصد سے نیچے نہ آ سکی، ایک ہفتے میں 30 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہونے سے ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 29 عشاریہ 16 فیصد ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق ادارہ شماریات کی جانب سے رواں ہفتے کے دوران ملک بھر میں مہنگائی کی صورتحال کے حوالے سے اعداد و شمار پر مبنی رپورٹ جاری کی گئی ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں 30 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی مجموعی شرح 29.16 فیصد پر پہنچ گئی، ایک ہفتے کے دوران مہنگائی میں0.07 فیصد کی معمولی کمی آئی، حالیہ ہفتے میں 9 اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 12 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں ٹماٹر فی کلی 26 روپے 32 پیسے مہنگے ہوئے حالیہ ہفتے کے دوران چینی کی قیمت میں 6 روپے 63 پیسے اضافہ ہوا ایک درجن انڈوں کی قیمت میں 11 روپے 7 پیسے اضافہ ہوا لہسن 8 روپے 4 پیسے اور چاول 2 روپے 69 پیسے مہنگے ہوئے دال مسور 2 روپے 29 پیسے دال مونگ 1 روپے 62 پیسے اور دال ماش 17 پیسے مہنگی ہوئی۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ایک ہفتے میں ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 13 روپے 57 پیسے تک مہنگا ہوا، ایک ہفتے کے دوران پیاز، آٹا، چکن، آئل سمیت 9 اشیا کی قیمتوں میں معمولی کمی ہوئی ۔ یہاں واضح رہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق 13 جماعتوں کی اتحادی حکومت کے دور میں مالی سال 23-2022 ملکی تاریخ کا سب سے مہنگا سال ثابت ہوا۔ بتایا گیا ہے کہ تحریک انصاف حکومت کے آخری مالی سال 2021 میں مہنگائی کی سالانہ شرح 9.50 فیصد تھی، جو رواں سال 30 جون کو ختم ہونے والے مالی سال پر 200 فیصد سے زائد اضافے سے 29.18 فیصد رہی۔
مہنگائی کے حوالے سے ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق سال بھر میں چائے، آٹا، چاول، آلو، مرغی، دالوں سمیت سب کچھ مہنگا ہوا۔ ایک سال میں سگریٹ کی قیمت میں 129 فیصد، چائے 113 فیصد ، گندم کا آٹا 90 فیصد، چاول 73 فیصد، آلو 65 فیصد اور گندم 62 فیصد سے زائد، مرغی 58 فیصد اور دال مونگ 50 فیصد سے زائد مہنگے ہوئے۔ یہاں واضح رہے کہ مئی 2023 میں ملک میں مہنگائی بڑھنے کا 76 سالہ ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا، جس کے بعد پاکستان دنیا کے سب سے مہنگے ترین ممالک کی فہرست میں آ گیا تھا۔
اس حوالے سے دنیا نیوز کی رپورٹ کے مطابق ورلڈ آف سٹیٹسٹکس نے دنیا بھر میں مہنگائی کے اعداد و شمار جاری کیے، ان اعداد و شمار کے مطابق دنیا کے 10 مہنگے ترین ممالک کی فہرست میں پاکستان بھی شامل ہے۔ اعدادو شمار کے مطابق ملک میں مہنگائی کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا، مئی میں 38 فیصد شرح کے ساتھ پاکستان کا دنیا میں چھٹا مہنگا ترین ملک قرار پایا۔